غیر ہارمونل آی یو ڈی کیا ہے؟
غیر ہارمونل آی یو ڈی، جسے تانبے کا آی یو ڈی بھی کہا جاتا ہے، ایک طویل مدتی مانع حمل ہے جو پلاسٹک اور تانبے کے چھوٹے ٹی شکل کے ٹکڑے پر مشتمل ہوتا ہے۔ تانبے کا آی یو ڈی اندام نہانی اور گریوا کے ذریعے بچہ دانی میں داخل کیا جاتا ہے۔ اس میں ڈور ہوتی ہے جو گریوا کے باہر لٹک جاتی ہےتاکہ اندام نہانی کے ذریعے آسانی سے ہٹایا جا سکے۔
غیر ہارمونل آی یو ڈی کیسے کام کرتا ہے؟
غیر ہارمونل بچہ دانی کے کیمیائی ماحول کو قدرے تبدیل کر کے کام کرتا ہے، جس کے نتیجے میں سپرم اور انڈے کو ملنے سے پہلے ہی نقصان پہنچتا ہے۔ قسم کی بنیاد پر، تانبے کے آی یو ڈی حمل سے ٣-١٢ سال تک تحفظ فراہم کر سکتے ہیں۔ تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ جب کہ تانبے کا آی یو ڈی (ٹی ٣٨٠ اے) ١٠ سال تک تاثیر کے لیے تجویز کیا جاتا ہے، لیکن یہ استعمال کے 12 سال تک موثر رہ سکتا ہے۔ جو لوگ حاملہ ہونا چاہتے ہیں وہ آی یو ڈی کو ہٹانے کے فوراً بعد ایسا کر سکتے ہیں [١]۔
بشرطیکہ وہ شخص حاملہ نہ ہو، غیر ہارمونل آی یو ڈی کسی بھی وقت داخل کیا جا سکتا ہے، یہاں تک کہ اسقاط حمل کے فوراً بعد یا بچے کی پیدائش کے ٤٨ گھنٹے کے اندر۔ سیزیرین سیکشن کی صورت میں، بچہ دانی کو بند کرنے سے پہلے ہی آی یو ڈی ڈالا جا سکتا ہے [٢]۔